ممبئی، 12 ؍نومبر(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) ممبئی کے حج ہاؤس میں حج 2018 کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی وزیر نقوی نے کہا کہ اس بار مرکز ی حکومت نے حج کا اعلان گزشتہ سال کے مقابلے تقریبا ایک ماہ سے بھی قبل کیا ہے جس سے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو تیاری کرنے کا کافی موقع ملے گا۔ انہوں نے اپنے پریس ریلیز میں کہا کہ اس بار حجاج کرام کو عالمی سطح کی خصو صی خدمات مہیا کرائی جائیں گی۔ آج حج 2018 کا اعلان ہو جانے سے حج سے متعلق تمام عملی امور بحسن خوبی انجام پاسکتے ہیں ، عازمین کرام سفرِ حج کے لیے 15 نومبر سے درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔ نقوی نے جدید خصوصیات اور ٹیکنالوجی کا حامل نیا حج موبائل ایپ بھی لانچ کیا۔ اس ایپ کے لانچ ہونے سے حاجیوں کو آن لائن فارم بھرنے اور درخواست دینے میں سہولت ہوگی ۔ حج کے لئے درخواست، پوچھ گچھ اور معلومات، حج سے متعلق تازہ ترین سرگرمیوں کی معلومات اور ای ۔ پے ( فیس کی ادائیگی ) اس ایپ کی خصوصیت میں شامل ہے۔ اس ایپ سے رجسٹریشن بھی آن لائن کیا جا سکے گا۔مسٹر نقوی نے کہا کہ مرکزی حکومت حج سفر کو مکمل طرح سے آن لائن کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے تاکہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ عازمین کرام حج سفر کے لئے فارم بھر سکیں ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ حج 2018 نئی حج پالیسی کے بنیاد پر قابل عمل ہوگا ۔ نئی حج پالیسی تیار کرنے والی اعلی سطح کمیٹی نے اپنی سفارشات سونپ دی ہیں جن پر غور کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر نقوی نے کہا کہ نئی حج پالیسی کا مقصد سفر حج کو مزید آسان اور شفاف بنانا ہے۔ حجاج کرام کی سہولت، سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس بار حجاج کرام کے کل اخراجات کی مکمل تفصیل ایپلی کیشنز فارم میں ہی دی جائے گی تاکہ سفر حج میں دلالوں اور ایجنٹوں کے ذریعہ ہونے والی بے ضابطگی پر قابو پایا جا سکے ۔ حج 2018 کے ایپلی کیشنز فارم میں تمام امبار یکشن پوائنٹس سے ہوائی سفر کے اخراجات کی معلومات بھی دی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے حجاج کرام اپنی سہولت کے حساب سے دوسری جگہوں سے بھی سفر حج کا آغاز کرسکتے ہیں۔جیسے سرینگر سے حج کے لئے ہوائی سفر کا کرایہ 1 لاکھ 9 ہزار 692 روپے ہے جبکہ دہلی سے یہ 73 ہزار 697 روپے ہے۔ تو جموں اور کشمیر کے عازمین حج دہلی سے بھی جاسکتے ہیں۔ اسی طرح گوہاٹی سے سفر حج کا ہوائی کرایہ 1 لاکھ 15 ہزار 646 روپے ہے جبکہ کولکاتہ سے یہ کرایہ 83 ہزار 27 روپے ہے اس صورت میں حجاج اپنی سہولت کے موافق اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔